سرگودھا۔25ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سرگودھاآمنہ احسان تارڈ کی قیادت میں شہریوں میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عرفان احمد سمیت ریونیو و صحت کے ملازمین نے شرکت کی۔
ریلی اے سی دفتر سے شروع ہوئی جو کچہری چوک پہنچ کر ختم ہوئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڈ کا کہنا تھا کہ ڈینگی ایک جان لیوا وائرس ہے جو کہ ایک مخصوص مچھر سے پھیلتا ہے۔ برسات کے موسم میں ہمیں بہت زیادہ احتیاط کرنی چاہئے۔اپنے گھر، دفتر اور گردونواح میں کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی لاروا پیدا ہوتا ہے اس لئے ہم سب کو ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے بچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر سے ہی اس سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔شرکاء نے واک میں انسداد ڈینگی کے لئے احتیاطی تدابیر کے بینر اٹھا رکھے تھے۔