کلرسیداں، 02 جولائی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات کی روشنی میں انچارج ٹریفک سرکل کلر سیداں نے اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر کے ہمراہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اہم اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں جلوس ہائے عزا کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی یقینی بنانے جیسے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، بلدیہ اور دیگر اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
انچارج ٹریفک سرکل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے روٹس پر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر نے کہا کہ جلوسوں کے شرکاء اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ادارے بھرپور تعاون کریں گے تاکہ امن و امان کے ساتھ ٹریفک کا بہاؤ بھی متاثر نہ ہو۔اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک نظام کو مؤثر اور مربوط انداز میں چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس باہمی رابطے کو یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔