چیچہ وطنی02 مئی (اے پی پی):ٹی ایم اے ہال چیچہ وطنی میں ماہانہ ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی نرجس خاتون جعفری نے کی۔کچہری میں ریونیو سے متعلق افسران و اہلکاران بشمول نائب تحصیلدار، پٹواریان، رجسٹری برانچ کے نمائندے اور لینڈ ریکارڈ سنٹر کا عملہ موجود تھا۔ شہریوں نے انتقالات میں تاخیر، فرد کے اجراء، حد بندی، ریونیو ریکارڈ کی تصدیق اور ملکیتی تنازعات سمیت متعدد مسائل پیش کیے، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر سنا اور متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری نے کہا کہ تمام افسران اور ملازمین سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ہر شکایت کو سنجیدگی سے لے کر میرٹ پر حل کریں۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ سنٹر کی کارکردگی بہتر بنانے اور درخواستوں کو مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو خدمت کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات دینا اور ان کے مسائل کا بروقت حل فراہم کرنا ہے۔ ہم ریونیو نظام کو شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں۔
نرجس خاتون جعفری نے واضح کیا کہ ایسی کھلی کچہریاں عوامی اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور انہیں باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔ماہانہ ریونیو خدمت کچہری میں بزرگ شہریوں اور خواتین سائلین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا گیا اور بعض معاملات میں فوری احکامات جاری کیے گئے۔ سائلین نے کچہری میں سہولت اور فوری ردعمل کو سراہا اور اسسٹنٹ کمشنر کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591267