اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عظیم الشان علمی میراث کی حامل جامعہ ہے، وائس چانسلر

49

بہاولپور۔ 12 جون (اے پی پی):وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عظیم الشان علمی میراث کی حامل جامعہ ہے، خطہ بہاولپور صدیوں سے اسلامی تعلیمات کی اشاعت و ترویج کا گہوارہ رہا ہے،اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز کے شعبہ جات دینی تعلیم کی تدریس و تحقیق میں عالم اسلام میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ عالمی مذاہب اور بین المذاہب ہم آہنگی کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتےہوئےکیا۔ انہوں نے کہ اکہ شعبہ عالمی مذاہب اور بین المذاہب ہم آہنگی عالمی سطح پر دین اسلام کی آفاقی تعلیمات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔اساتذہ کرام طلباءوطالبات کو اعلیٰ درجے کی تحقیق کی جانب راغب کریں تاکہ پوری دنیا میں اسلام کی

خوبصورتی اور سچائی کو پھیلایا جا سکے۔ اس موقع پر ایم ایس اور بی ایس کے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء وطالبات کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا اور فیکلٹی ممبران کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔چیئرپرسن شعبہ عالمی مذاہب اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سجیلا کوثر نے شعبہ کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد اور فیکلٹی کے مختلف تدریسی شعبوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔