26.6 C
Islamabad
منگل, جون 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںاسلامی تعاون تنظیم کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا...

اسلامی تعاون تنظیم کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 26 مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موقف کی تائیدکی ہے، اسلامی تعاون تنظیم کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ، اس سلسلے میں بھارت پر دباؤ ڈالے اور اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو روکے،مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پیر کو ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں العربیہ ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کر کے اُس کا الزام پاکستان پر لگایا اور پاکستان پر حملہ آور ہوا جس کے جواب میں پاک افواج اور پاکستان کے عوام نے مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو خاکستر کیا

ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں اور نہ ہی جنگ چاہتے ہیں لیکن بھارت نے فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ چھیڑی اور اُس کے جواب میں ہماری پاک افواج نے بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے ہندوستانی غرور کو پسپا کیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکہ، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک کا بہت اہم کردار رہا ہے جنہوں نے بروقت جنگ بندی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370اور 35-Aمنسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت کی9لاکھ فوج موجود ہے عددی اعتبار سے 10کشمیریوں پر ایک انڈین فوجی تعینات ہے اور بھارت یہ چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دہلی میں بیٹھ کر وہاں سے چلایا جائے اور دہلی میں بیٹھے چند لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے فیصلے کریں۔

- Advertisement -

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ، کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں جس پر بین الاقوامی برادری کو سوچنا ہو گا اور مسئلہ کشمیر کامستقل اور پائیدار حل تلاش کر تے ہوئے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا بنیادی حق خود ارادیت دینا ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601449

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں