اسلام آباد ، مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل 3 میں شدید آگ بھڑک اٹھی ، پاک فوج نے شہریوں کی مدد اور آگ بجھانے کے آپریشن میں انتظامیہ کو دو ہیلی کاپٹر فراہم کیے

159
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل 3 میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس سےجنگلات کا ایک بڑا علاقہ متاثر ہوا ، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے شہریوں کی مدد کے لیے اور آگ بجھانے کے آپریشن میں انتظامیہ کو دو ہیلی کاپٹر فراہم کیے۔ ،این ڈی ایم اے کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی درخواست پر وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مارگلہ میں آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر مارگلہ ہلز پر آگ بجھانے میں مدد کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آرنے بھی جاری ریلیز میں بتایا کہ فوج مارگلہ پہاڑیوں پر آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔پاکستان آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں روانہ ہوئے ہیں۔ہیلی کاپٹروں نے آگ بجھانے کے لیے پانی لے جانے والی بامبی بالٹیاں استعمال کیں جب کہ آگ بجھانے کا عمل اب بھی جاری ہے۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ٹریل 3 پر آگ لگنے کی اطلاع دوپہر 02:00 بجےسے۔ 02:30 بجے تک ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کے تقریباً 25 فائر فائٹرز آگ بجھانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے جبکہ سی ڈی اے کے 20 فائر فائٹرز آگ بجھانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔اہلکار نے مزید کہا کہ سی ڈی اے نے اپنے اضافی فائر فائٹنگ سٹاف کو بھی بلایا ہے جو آگ بجھانے کے لیے تقریباً 25 فائر فائٹرز پر مشتمل ہیں۔

واضح رہے کہ مارگلہ میں اپریل سے آگ لگنے کا موسم شروع ہوتا ہے اور اس سے حیاتیاتی تنوع، ماحولیات، مٹی اور جنگلی حیات کو بری طرح نقصان پہنچتا ہے۔ آئی ڈبلیو ایم بی اور سی ڈی اے کے حکام نے نیشنل پارک میں جنگل کی آگ پر قابو پانے کے لیے علاقے میں گشت کرنے کے لیے آگ بجھانے وا لی پکٹس بنائی ہیں ۔