اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی اور سمارٹ لاک ڈاون کے ثمرات آنے شروع ہوگئے ہیں، اسلام آبادمیں کورونا کیسز کمی کی جانب گامزن ہیں‘ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

72

اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی اور سمارٹ لاک ڈاو¿ن کے ثمرات آنے شروع ہوگئے ہیں، اسلام آبادمیں کورونا کیسز کمی کی جانب گامزن ہیں‘ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 189کیسز سامنے آئے ہیں۔ اتوار کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد میں اتوار کو 3ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے، 26جون کو اسلام آبادمیں 271 کیسز جبکہ 27جون کو 225کیسز سامنے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایس او پیزپر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے، روزانہ کی بنیادپر ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے دوکانداروں اور شہریوں کو ہزاروں روپے جرمانے کئے جارہے ہیں. ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 618گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 58گاڑیاں بندکی گئیں، کورونا سے بچاو کے ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے افرادکو 1لاکھ 82ہزار روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے 102ہوٹلوں اور 456دوکانوں کو سیل کیا گیا. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالے 107 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 24مقدمات درج کئے گئے. کورونا وبا کے دوران گراں فروشی کرنے والوں کو 10لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی کئے گئے. انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی وجہ سے ہی وفاقی دارالحکومت میں کرونا مریضوں کی تعدادمیں بتدریج کمی آرہی ہے