اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اسلام آباد میں طوفانی بارش ، ژالہ باری میں سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمو ں کو متحرک کردیا گیا، فیلڈ میں موجود تما م ٹیموں کو شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی فیلڈ آپریشن کی نگرانی جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے کی ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ونگ ، انوائرنمنٹ ونگ کو اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر ہر قسم کی رکاوٹیں ، گرے ہوئے درخت ہٹانے اور اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر کلیئر کرنے کے علاوہ صفائی کے عمل کوتیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک کو معمول کے مطابق رواں دواں رکھنے کےلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،نالوں کی نگرانی کےلئے سینیٹشن اور انوائرمنٹ کا عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود رہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نےہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مانیٹرنگ کے نظام کو یقینی بنائیں،اسلام آباد کی تمام شاہراہوں، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے،انڈر پاسسز اور دیگر جگہوں پرنکاسی آب کو یقینی بنایا جائے،سڑکوں اور نالوں میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور پانی کی نکاسی کو فوری یقینی بنایا جائے۔
سی ڈی اے انتظامیہ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں بھی مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے،کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہری سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ ہر حال میں ممکن بنایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600966