اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ایف ایٹ مرکز کاروبار کیلئے بہترین جگہ ہے ،اسلام آباد چیمبر متعلقہ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اسے ایک بہترین کاروباری مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو بھی چاہئے کہ وہ ضلعی عدالتوں کی منتقلی کے بعد تاجروں کو سہولت فراہم کرنے میں مدد کریں۔
یہ بات انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف ایٹ مرکز کے نومنتخب صدر سردار طاہر محمود اور جنرل سیکرٹری اسماعیل خان کے اعزاز میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ چیمبر ہا ئو س کا دورہ کیا۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تمام تاجروں کا نگران ادارہ ہے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے اس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایف ایٹ مرکز میں نہ صرف فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ پینے کے صاف پانی اور پارکنگ کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور پارکنگ لین کو بھی جلد از جلد نشان زد کیا جائے گا
اس حوالے سے چیمبر اقدامات اٹھا رہا ہے۔احسن ظفر بختاوری نے ضلعی عدالتوں اور وکلا چیمبرز کی منتقلی میں سردار طاہر محمود، اسماعیل خان اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس کی تیز رفتاری اور نمایاں ترقی کی جا سکے۔صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف ایٹ مرکز سردار طاہر محمود نے تاجروں کے مسائل کے حل میں آئی سی سی آئی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء چیمبرز کی باقیات کے خاتمے کے بعد مرکز کی بحالی کے لئے درکار سول ورک جلد شروع ہو جائے گا اور اس مقصد کے لئے ٹی ڈبلیو اے دن رات کام کر رہی ہے۔
سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ سردار طاہر محمود، اسماعیل خان اور ان کی ٹیم نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر فتح حاصل کی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ آئی سی سی آئی کے تعاون سے ایف ایٹ مرکز کو اپ گریڈ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی اپنے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں تاجروں کے لیے ہر طرح کے احترام کے اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے یہی وجہ ہے کہ آج چیمبر کی ایگزیکٹیو باڈی میں مضافاتی علاقوں جیسے ترنول، بارکوہو، سوان گارڈن سہالہ وغیرہ کی بھی نمائندگی موجود ہے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے تاجروں کی تمام صفوں کے درمیان اتحاد کو ان کے مسائل کے حل کے لیے کلیدی ضرورت قرار دیا۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے F-8 مرکز کی ترقی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔سیکرٹری جنرل آئی ای اے اے زاہد رفیق نے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ساتھ ساتھ سردار طاہر محمود اور اسماعیل خان کی تاجروں کے لئے خدمات کی تعریف کی۔جنرل سیکرٹری ٹی ڈبلیو اے ایف ایٹ مرکز اسماعیل خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سردار طاہر محمود کی قیادت میں تاجروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام جاری رکھیں گے۔سعید سواتی نے مرکز کے لئے اپنے خرچے سے فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی پر احسن ظفر بختاوری کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں حاجی نعیم، ناصر چوہدری، ذوالقرنین عباسی، نواز بسرا، اشفاق چٹھہ، رانا جاوید، عدنان فیاض، رانا قیصر محمود، راجہ زاہد دہنیال، رانا عارف، امتیاز عباسی، بابر چوہدری، چوہدری نثار سمیت دیگر نے شرکت کی۔