34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںاسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلوں اور تقرری سے متعلق...

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلوں اور تقرری سے متعلق درخواست کی سماعت

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلوں اور تقرری سے متعلق درخواست کی سماعت جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی آئینی بنچ نے کی ۔آئینی بنچ کی سربراہی جسٹس محمد علی مظہر نے کی جبکہ دیگر ممبران میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس صلاح الدین پنوار اور جسٹس شکیل احمد شامل تھے ۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلے تمام متعلقہ ججز کی رضامندی سے کیے گئے ہیں اور یہ مسئلہ متنازعہ نہیں ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تینوں ججز آئینی عدالت کے فیصلے کوقبول فیصلہ کریں گے اور وہ آئینی بنچ کے سامنے پیش ہونے کے لیے کوئی وکیل مقرر نہیں کر رہے ہیں۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کے ایجنڈے میں نہیں ہے۔اسی طرح چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی تقرری کا معاملہ 2 مئی کو ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں بھی شامل نہیں ہے۔ تاہم 2 مئی کے آمدہ اجلاس میں پشاور اور بلوچستان ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تقرری پر بات چیت کی جائے گی۔

- Advertisement -

جسٹس محمد علی مظہر کے استفسار پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ کے پی حکومت ججز کی پٹیشن کی حمایت کرتی ہے اور اس حوالے سے جلد باضابطہ درخواست جمع کرائے گی۔عدالت نے واضح کیاکہ آج کی سماعت اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام فریقین کو ان کے نوٹس مل چکے ہوں اور عدالت آنے والے منگل سے مذکورہ درخواست کی سماعت یومیہ بنیاد پر کرے گی۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583561

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں