اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے سیدہ آمنہ بتول کو گرین یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن، تعلیمی اداروں اور دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے لیے رابطہ افسرمقرر کردیا ہے،یہ تقرری انہوں نے ماحولیاتی استحکام اور تعلیم میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کے طور پر کی ہے۔ پیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق سیدہ آمنہ بتول گرین یوتھ پروگرام کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں میں ماحولیاتی بیداری اور پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ہے
ان کی ذمہ داریوں میں ہم آہنگی اور سبز اقدامات کو فروغ دینا، تعلیمی مہمات کا انعقاد اور ماحولیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کی شرکت کو آسان بنانا شامل ہے۔گرین یوتھ پروگرام میں اپنے کردار کے علاوہ بتول تعلیمی اداروں کی فوکل پرسن کے طور پر بھی کام کریں گی، اس حیثیت میں وہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اعزازی بنیادوں پر کام کریں گی، ان کی کوششیں تعلیمی مواقع کو بڑھانے، ہنر مندی کے فروغ کے پروگراموں کی حمایت اور طالب علموں میں جدت اور تحقیق کو فروغ دینے پر مرکوز ہوں گی۔
مزید برآں سیدہ آمنہ بتول کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے لیے رابطہ افسر کے طور پر کام کریں گی، ان کی ذمہ داریوں میں کامن ویلتھ کے مقاصد سے ہم آہنگ سرگرمیاں اور اقدامات شامل ہوں گے اور اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ترقی اور ترقی کے لیے بین الاقوامی مواقع اور پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل ہو۔چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سیدہ آمنہ بتول کو اپنی ٹیم میں شامل کرکے خوشی ہوئی ہے
ماحولیاتی استحکام اور تعلیم کے لیے ان کا جذبہ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی لگن بے مثال ہے، ہمیں یقین ہے کہ ان کی شراکت ہمارے پروگراموں اور اقدامات کی کامیابی پر نمایاں کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر سیدہ آمنہ بتول نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میں گرین یوتھ پروگرام اور تعلیمی اداروں کے لیے فوکل پرسن مقرر ہونے پر بہت فخر محسوس کر رہی ہوں، ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لیے انتھک محنت کرنے کے لیے پرعزم ہوں، ہم مل کر پاکستان کے لیے ایک روشن اور زیادہ پائیدار مستقبل بنا سکتے ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474633