اسلام آباد،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اجلاس کاانعقاد، ضلع کوئٹہ میں انتخابی عمل میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا

175
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منگل کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ ادارے کے سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں الیکشن کو بتایا گیا کہ کوئٹہ واحد ضلع ہے جس میں ابھی تک الیکشن کا انعقاد نہیں ہوسکا جس کی وجہ ٹائونز کی تشکیل نہ ہونا ہے ۔

الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے مورخہ 23اکتوبر 2022 کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو حکم دیا تھا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کےتحت ضلع کوئٹہ میں ٹائونز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جار ی کیا جائے ، تاہم پانچ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود مذکورہ نوٹیفکیشن اور دیگر ضروری دستاویزات ( جو حلقہ بندی کے لئے درکار ہیں) الیکشن کمیشن کو مہیا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ابھی تک کوئٹہ کی حلقہ بندی کی تکمیل نہیں ہوسکی ۔

الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مورخہ 23مئی 2023کے لئے نوٹس جاری کیا ہے تاکہ معاملے کی سماعت اور ضلع کوئٹہ کی حلقہ بندی اور الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔