اسلام کے امن و محبت کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کی ضرورت ہے، مدد علی سندھی

مدد علی سندھی

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نےکہا ہے کہ اسلام کے امن و محبت کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کی ضرورت ہے، پاکستانی قوم کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ صرف قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی ہی کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی کے دورہ کے موقع پر چیئرمین خورشید احمد ندیم سے ملاقات کے دوران کیا۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی (این آر اے )کا مینڈیٹ قوم کی تعمیر کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے تنظیم کے مشن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ صرف قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی ہی کر سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عدم برداشت ہے اور اسلام کے امن و محبت کے حقیقی پیغام کو ہمارے ملک میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب امن کا مذہب ہے۔ انہوں نے ریاست مدینہ کے وژن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کے احترام میں اتھارٹی کو اپنے پیغام کو عام کرنے کے لئے ہر سطح پر متعدد سیمینار، کانفرنسز اور مذاکروں کا انعقاد کرنا چاہئے۔چیئرمین این آر اے نے وفاقی وزیر کو نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی کی جاری سرگرمیوں اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ این آر اے کا مینڈیٹ قوم کی کردار سازی کے ذریعے انصاف، قانون کی حکمرانی اور فلاحی معاشرے پر مبنی ریاست مدینہ کے تصور کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

چیئرمین این آر اے نے تنظیم کو درپیش چیلنجز بھی پیش کئے۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ وزارت تعلیم انہیں مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ ادارہ اپنے فرائض کو مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔وفاقی وزیر نے چیئرمین کو حکم دیا کہ وہ اپنی آگاہی مہم کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا ایک خطرہ ہے جس سے ہر سطح پر نمٹا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ناموس کی حفاظت کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے دین کی پرامن فطرت کو بھی دنیا کے سامنے رکھنا چاہئے۔