22.1 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 24, 2025
ہومتجارتی خبریںاسٹیٹ بینک اور سی ڈی سی نے میوچل فنڈزمیں سرمایہ کاری کیلئے...

اسٹیٹ بینک اور سی ڈی سی نے میوچل فنڈزمیں سرمایہ کاری کیلئے راست ادائیگی کی سہولت متعارف کرادی

- Advertisement -

کراچی۔ 01 نومبر (اے پی پی):سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی(سی ڈی سی)نے اسٹیٹ بینک کے ساتھ شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت سرمایہ کار اسٹیٹ بینک کے راست پے منٹ گیٹ وے کے ذریعے میوچل فنڈز خرید سکتے ہیں، اس سلسلے میں سی ڈی سی نے ایک فریم ورک تیار کیا ہے جوکہ ایگریگیٹر”Aggregator” کے طورپر کام کرتاہے اور راست پے منٹ آئی ڈی جاری کرتاہے جس سے سرمایہ کار راست کا استعمال کرتے ہوئے میوچل فنڈز کی خریداری کیلئے متعلقہ ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ڈیجیٹل طورپر فنڈ ٹرانسفر کرسکتے ہیں۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سی ڈی سی ہائوس میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کے موقع پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ مہمانِ خصوصی تھے۔ا س موقع پر سلیم اللہ نے ڈیجیٹلائزیشن اور صارفین کی سہولت کیلئے سی ڈی سی کی مسلسل کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی تمام کوششوں کا بنیادی مقصد صارفین کو سہولت اور اطمینان فراہم کرناہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ میوچل فنڈز کیلئے راست ادائیگی کی سہولت کا آغاز میوچل فنڈز کے سرمایہ کاروں کو انتہائی ضروری سہولت فراہم کرے گا اور سرمایہ کاروں کی بیس کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ بینک نے راست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ راست ملک کے ادائیگی کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2021میں اپنے آغاز سے راست روزانہ 10لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنزکو کامیابی کے ساتھ پراسس کررہا ہے۔ اب تک 33ملین سے زائد منفرد راست آئی ڈیزبنائی جا چکی ہیں اور 5.4ٹریلین روپے کی 267ملین سے زائد ٹرانزیکشنز کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے مذید کہاکہ راست پے منٹ ٹو مرچنٹ (P2M)فیچر حال ہی میں متعارف کرایا گیا ہے جو ملک میں ڈیجیٹل ادائیگی کے منظرنامے میں انقلاب برپا کرے گا۔ یہ فیچر مرچنٹ اور وینڈرزکو اپنے صارفین کیلئے ‘ادائیگی کی درخواست’کی اجازت دیتا ہے جس سے صارفین درخواست کو قبول کرکے ادائیگی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے سرمایہ کاروں کو موبائل ایپلیکیشنز یا پورٹلز پر پرسن ٹو مرچنٹ (P2M)فیچرفراہم کریں تاکہ سرمایہ کار اپنے رجسٹرڈ اکائونٹس سے براہِ راست ادائیگی کرسکیں۔

انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ اس شعبہ میں جدّت کے بہت زیادہ مواقع ہیں اور صارفین پر مبنی سرمایہ کاری کی مصنوعات کی ڈیزائننگ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بچت کے مواقع فراہم کرے گی۔ ایس ای سی پی کے کمشنر مجتبیٰ احمد لودھی نے کہاکہ سی ڈی سی میوچل فنڈانڈسٹری کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور اسے بہتر بنانے کیلئے ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے تعاون سے سی ڈی سی کے اس طرح کے بہت سے اقدامات کی کامیابی اور مارکیٹ کی ترقی ، زیادہ افادیت اور سرمایہ کاروںکو بہتر سہولت فراہم کرنے پر ہمیں خوشی ہے۔

سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے کہاکہ اس پراجیکٹ کا نفاذ سی ڈی سی کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس میں ٹیکنالوجی اور جدّت پر مبنی نئے اور منفرد سلوشنزکیلئے کوشش کرنا تاکہ سرمایہ کاروں اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز سمیت مارکیٹ شرکاء کیلئے کاروبار میں آسانی پیدا کی جاسکے۔ ہم اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے شکر گزار ہیں کہ ان کی مسلسل سپورٹ اور سرپرستی نے ٹیکنالوجی پر مبنی اس طرح کے سلوشنزکی خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی۔

سی ڈی سی کے چیئرمین معین ایم فُدا نے افتتاحی خطاب میں مارکیٹ کی ترقی کیلئے مسلسل تعاون پر ایس ای سی پی کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر تقرب میں میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان(MUFAP)کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشمو ما زہرہ مجید، میوچل فنڈانڈسٹری کے سربراہان اور سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔ شرکاء نے اس اقدام کے آغاز اور مارکیٹ کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرنے میں سی ڈی سی کی کوششوں کو سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407212

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں