اسٹیٹ بینک نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقلی کا فریم ورک جاری کر دیا

State Bank of Pakistan

کراچی۔ 08 اپریل (اے پی پی):بینک دولت پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت رقوم وصول کرنے والوں کو آن بورڈ لانے کے لیے فریم ورک جاری کر دیا ہے تا کہ وہ سماجی بہبود کی ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹس میں وصول کر سکیں ، جنہیں ملک بھر کے تمام بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں میں کھولا جا سکے گا۔ یہ سہولت فریم ورک بی آئی ایس پی اور بینکوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

پیر کو مرکزی بینک کے مطابق فریم ورک کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل تقریباً 9.3 ملین افراد اپنے علاقے کے نامزد بینکوں کی برانچوں میں ایک بار جا کر “بی آئی ایس پی سہولت اکاؤنٹ” کھول سکیں گے ۔ بی آئی ایس پی نے اپنے استفادہ کنندگان کے علاقوں میں بینک کی برانچوں کی نشاندہی کر لی ہے۔ تاہم ان افراد کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فریم ورک کا نفاذ مراحل میں کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایک پائلٹ مرحلہ کراچی اور لاہور میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بی آئی ایس پی کے تقریباً تیس ہزار استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔

پائلٹ کے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد فریم ورک کے دائرہ کار کو بی آئی ایس پی کی مشاورت سے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس فریم ورک سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل افراد کو مستعد اور شفاف انداز میں سماجی بہبود کی ادائیگیوں میں سہولت کے ساتھ خواتین کی مالی شمولیت کو بڑھانے اور مالی خدمات کی ڈجیٹائزیشن کے فروغ میں مدد ملے گی۔
تفصیلی فریم ورک لنک‏ https://www.sbp.org.pk/bprd/2024/C1.htmپر دستیاب ہے۔