اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد

224

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسٹر پوری مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو گا۔

سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی محبت کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔سپیکر نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیح برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتی برادری کو مساوی حقوق دیتا ہے اور ان کے ساتھ میانہ روی سے پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کے قومی اسمبلی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتی برادری کو اپنی مزہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے۔