افغانستان کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کیلئے ترمیم شدہ 15رکنی سکواڈ کا اعلان،محمد نبی کپتان مقرر،فرید احمدحتمی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب

103

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کیلئے ترمیم شدہ 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، محمد نبی ٹیم کی قیادت کریں گے، شراف الدین اشرف اور دولت زدران کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فرید احمد کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست سے نکال کر مین سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو افغانستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ترمیم شدہ 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، گزشتہ ماہ جاری کردہ 18 رکنی سکواڈ میں شراف الدین اشرف اور دولت زدران ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے تاہم اب انہیں ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے، شاہ پور زدران اور قیاس احمد ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے البتہ لیفٹ آرم بائولر فرید احمد کو مین سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں محمد نبی کو راشد خان کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا ہے، راشد خان نے گزشتہ ماہ ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ کے حوالے سے سلیکشن پراسیس کا حصہ نہ بنانے پر کپتانی کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، حضرت اللہ زیزئی، عثمان غنی، محمد شہزاد، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، گلبدین نائب، نجیب اللہ زدران، کریم جنت، راشد خان، مجیب الرحمان، حامد حسن، فرید احمد اور نوین الحق شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں شراف الدین اشرف، سمیع اللہ شنواری، دولت زدران اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔