33.8 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومتازہ ترینافواج پاکستان نے جس جرات مندی سے بھارت کو منہ توڑ جواب...

افواج پاکستان نے جس جرات مندی سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

لاہور۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے جس جرات مندی سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، افواج پاکستان کے تاریخی ردعمل کے بعد دشمن کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہونا پڑا، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، دشمن کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی گئی۔ اتوار کے روز یہاں اپنے حلقے میں معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے نکالی گئی اظہار تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے افواج پاکستان کی قربانیاں اور عزم قابل تحسین ہیں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے اظہار تشکر ریلی میں بھرپور شرکت پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز رہنمائی میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا، آج پوری قوم متحد ہے، سوشل میڈیا صارفین اور میڈیا کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے بیانیہ کی جنگ لڑی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات دفاع پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہے، جنرل عاصم منیر کی قیادت میں فتح میزائل جب فائر کیا گیا تو بھارت میں کھلبلی مچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا تو ایئر فورس کے شاہینوں نے بھارت کے چھ جنگی جہاز مار گرائے، ہماری فضائیہ نے بھرپور طریقے سے دشمن کے حملے کو پسپا کیا اور بری افواج نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اڑائے جس کے بعد دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا، دشمن نہیں جانتا تھا کہ اس کا کس فوج، فضائیہ اور بحریہ سے پالا پڑا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،

وہ جان سے چلے گئے مگر انہوں نے وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش قسمت قوم ہے کہ جن کی مائیں اپنے بچوں کو جذبہ شہادت سے بڑا کرتی ہیں، جو قوم سر پر کفن باندھ کر گھر سے نکلتی ہو اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے جو فیصلے کئے اور افواج پاکستان نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن سے 1971ء کا بدلہ لے لیا، ہماری بہادری افواج اور سپہ سالار نے بہادری اور دلیری سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔ انہوں نے غزوہ بدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر میں مسلمانوں کی تعداد کم ہونے کے باوجود کفار پر مسلمانوں کو غلبہ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی قیادت میں ملکی دفاع کو یقینی بنایا گیا، آج وزیراعظم کی ولولہ انگیز قیادت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔

وزیراعظم نے دن رات سفارتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کا مقدمہ لڑا، انہوں نے دنیا کو بتایا کہ ہم پہلگام واقعہ کی تحقیقات کے لئے تیار تھے مگر بدنیت دشمن تحقیقات سے بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا تو ثابت ہوگیا کہ افواج پاکستان کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر جس طرح پاکستان کا مقدمہ لڑا اس کی بھی تاریخ لکھی جائے گی۔

پورا ملک سوشل میڈیا اور میڈیا پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا مقابلہ کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے انفارمیشن وار فیئر میں بھی رات دن ایک کرکے بھارتی پراپیگنڈا کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان میں فتح کا جشن منایا جا رہا تھا اور بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی، بھارتی عوام اپنے حکمرانوں سے سوال کر رہے تھے کہ جھوٹا پراپیگنڈا کیوں کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور میں کئے گئے چھ ایٹمی دھماکوں کی تاریخ دہراتے ہوئے اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دشمن کے چھ طیارے گرائے گئے جس نے دشمن کے تمام دعوئوں کو بے نقاب کر دیا اور دشمن صرف ملبہ ہی اٹھاتے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فتح پر ہمارے پاس سربسجود ہونے کا موقع ہے،

میری والدہ نے بھی دن رات ہمارے لئے دعائیں کیں اور حلقے کے ہر نوجوان، ماں بہن کا حوصلہ بڑھایا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کشمیر پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک نے بھی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا کردار ادا کیا، چین نے بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا،

سعودی عرب، یو اے ای، قطر، ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور جتنے ممالک ساتھ کھڑے رہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اب امن اور اس ملک کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کا وقت ہے، جہاں ہم نے عسکری محاذ پر دشمن کو شکست دی ہے وہاں پر اڑان پاکستان کے تحت معاشی میدان میں بھی دشمن کو شکست دیں گے۔ اظہار تشکر ریلی کالج روڈ سے اکبر چوک جا کر اختتام پذیر ہوئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598430

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں