اقبال کا پیغام ہماری نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے،چوہدری انوارالحق

Prime Minister of Azad Kashmir

مظفرآباد ۔8نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اقبال کا پیغام ہماری نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا قبال نے ایک مایوس اور منتشر قوم کو ایک ناقابل شکست قوت بنادیا شاعری کی دنیا میں ایسا کارنامہ ہے جسکی مثالیں تاریخ میں بہت کم ہی مل سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقبال نے پاکستان کا تصور پیش کیا اور ان کے مرد مومن اور قوم کے زندہ جاوید راہنما حضرت قائد اعظم کی قیادت میں مختصر عرصے میں مسلمانان ہند اپنے لیئے الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ علامہ اقبال کا تعلق بھی سرزمین کشمیرسے تھا۔ انہوں نے ڈوگرہ آمریت کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی۔برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال مرحوم نے دیکھا تھا ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔

وزیر اعظم نے کہا یہ انتہائی تکلیف د ہ بات ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر اب تک پاکستان کا حصہ نہیں بن سکا اوروہاں کےمسلمان آج بھی زبوں حال ہیں۔آج بھی کشمیری مسلمان بھارتی افواج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ لیکن آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لیے انکے حوصلے مضبوط ہیں وہ اپنے حق خودارادیت کو حاصل کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہامجھے پورا یقین ہے کہ شاعر مشرق کا خواب حقیقت بنے گا اور وہ دن دور نہیں جب حق و باطل کی اس جنگ میں کشمیری مسلمان سرخرو ہونگے۔