اقوام متحدہ نے خشک سالی سے متاثرہ ملک صومالیہ کے لئے 20 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کر دی

70

موغادیشو ۔4جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے صومالیہ میں خشک سالی کے شدید خطرے سے دوچار علاقوں کے لئے 20 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی سے اضافہ نہ کیا گیا تو بڑی تعداد میں لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینیٹیریئن کوآرڈینیٹر آدم عبدالمولا نے بتایا کہ صومالیہ میں شدید خشک سالی کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں قحط کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور صومالی شہری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں لہذا اس سے نمٹنے میں مدد کے لیے صومالیہ ہیومینٹیرین فنڈ (ایس ایچ ایف) سے 20 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ انہیں تشویش ہے کہ اگر ہم سب سے زیادہ متاثرہ افراد کو انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی سے اضافہ نہیں کرتے تو بڑی تعداد میں لوگ بھوک سے مر جائیں گےاس لیے55لاکھ افراد کی مدد کے لیے1.5ارب ڈالر کی ضرورت ہے ۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق صومالیہ قرن افریقہ میں خشک سالی سےسب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں61لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ صومالیہ میں 15لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور رواں سال جنوری سے اب تک 3,170 بچے اسہال،ہیضہ اور 2,460 بچوں میں خسرے کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔