اقوام متحدہ۔5جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے فلسطین کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج کی2روز سے جاری پر تشدد کارروائیوں پر جمعہ کو ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سفارت کاروں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جمعہ کو ایک بند کمرہ اجلاس کرے گی جس میں مشرق وسطیٰ میں ہونے والے واقعات پر غورکرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی طرف سے مغربی کنارے میں کی جانے والی سب سے بڑی فوجی کارروائی کے نتائج اور اثرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے فلسطین میں پریشان کن صورتحال کی روشنی میں اجلاس کے انعقاد کی درخواست کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے مقبوضہ مغربی کنارےمیں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ قتل کو روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ آپریشن اور تشدد صرف مزید تشدد کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل، جسمانی تشدد اور املاک کی تباہی کو روکنا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ جنین آپریشن میں املاک کی تباہی انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں اور معیار کی پاسداری کے بارے میں سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملے قانون نافذ کرنے والے آپریشنز کو انجام دینے کے قوانین سے مطابقت نہیں رکھتے۔