اقوام متحدہ۔17فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک ارب ڈالر کی بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز 52 لاکھ افراد کو3ماہ کے لیے مدد فراہم کرسکیں گے، جس سے امدادی تنظیموں کو خوراک، تحفظ، تعلیم، پانی اور پناہ گاہ کے شعبوں میں اپنے کام کو تیزی سے بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ضرورتیں بہت زیادہ ہیں، لوگ تکلیف میں ہیں اور وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ہمارے دور کی سب سے بڑی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے فنڈز فراہم کریں۔ حکام کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 42ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔