اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ”عوام کے حق خودارادیت کے عالمی احساس“سے متعلق پاکستان کے زیر اہتمام قرارداد منظور کرلی ہے، اس اہم قرارداد کو دنیا بھر کے 72 ممالک کی حمایت سے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق قرارداد غیر ملکی قبضے، نوآبادیاتی تسلط اور محکومیت سے لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے غیر واضح حمایت کی تصدیق کرتی ہے۔ قرارداد میں غیر ملکی قبضے، مداخلت اور جارحیت کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے ذمہ دار ریاستوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی کارروائیاں فوری طور پر بند کریں۔
بیان کے مطابق پاکستان 1970 سے اس فلیگ شپ قراردادکی سرپرستی کررہا ہے، یہ سالانہ اقدام غیر ملکی قبضے کی بین الاقوامی سطح بشمول بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میںتسلیم شدہ صورت حال میں رہنے والے لوگوں کی حالت زار اور حقوق کی طرف بین الاقوامی توجہ مبذول کرنے کا کام کرتا ہے۔
بیان کے مطابق اس قرارداد کی منظوری مقبوضہ علاقوں کے عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق ہے جس کا حق انہیں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں میں دیا گیا ہے۔