23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومتازہ تریناقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں و کشمیری عوام کی امنگوں...

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں و کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ ،پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے، محمد اسحاق ڈار

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے،پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے،

77سال قبل آج کے دن بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں جو خطے کے لیے ایک طویل اور تکلیف دہ باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بھارت نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے۔ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو کمزور کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی آوازکو دبانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حکام کی طرف سے کیے گئے اقدامات بشمول علاقے کی آبادی اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی کوششیں،

- Advertisement -

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ بھارت کے ان اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کا عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہ خطہ جبر کی شدت برداشت کر رہا ہے، ہزاروں سیاسی رہنما اور کارکن جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد ہے۔ ایمرجنسی اور انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کے تحت بھارتی افواج کو وسیع اختیارات حاصل ہیں ، جس کی وجہ سے بھارتی افواج کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے یا جان سے مار دینے اور املاک کو تباہ کرنے کے اقدامات میں ملوث ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ اور عزم برقرار ہے اور وہ انصاف اور حق خود ارادیت کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حال ہی میں غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہوئے ہیں لیکن کوئی بھی ایسا اقدام جو بھارت کے آئین کے فریم ورک کے تحت اور بڑی تعداد میں بھارتی فوج کی موجودگی میں کیا جاتا ہے،اس کو کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کا متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے،

تاہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517478

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں