اقوام متحدہ کی یمنی حوثی باغیوں سے گندم کے گوداموں تک رسائی کی اپیل

84

اقوام متحدہ۔08 فروری(اے پی پی)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ مارک لوکوک نے یمن کے حوثی باغیوں سے گوداموں تک رسائی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ غیر استعمال شدہ گندم نکال کر فاقہ زدہ تقریباً 40 لاکھ افراد تک پہنچائی جائے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں مارک لوکوک نے کہا ہے کہ مجھے انتہائی تشویش ہے کہ اقوام متحدہ ستمبر 2018ءسے اب تک حدیدہ میں ’ریڈ سی ملز‘ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔بیان کے مطابق، ”گندم کی اتنی رسد ہے کہ ایک ماہ تک 37 لاکھ افراد کے کھانے کی ضروریات کے لیے کافی ہے، لیکن چار ماہ سے زیادہ عرصے سے گودام میں پڑی ہے، جب کہ ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ افراد قحط سالی کی صورت حال کے قریب پہنچ چکے ہیں۔لوکوک نے بتایا ہے کہ حوثیوں کی افواج نے اقوام متحدہ کو گوداموں تک رسائی دینے سے انکار کیا ہے۔عالمی ادارہ خوراک نے اس علاقے میں 51000 میٹرک ٹن گندم اسٹور کر رکھی ہے۔مارک لوکوک نے کہا کہ میں تمام فریقین سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سمجھوتا طے کریں اور آئندہ کچھ دنوں کے اندر ملوں تک رسائی کی سہولت فراہم کریں۔