اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کو بھر پور انداز میںپیش کریں گے، موجودہ حکومت کا مسئلہ کشمیر سے متعلق دوٹوک موقف ہے اور اسی موقف کی ترجمانی وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماضی میں بھی اپنے جنرل اسمبلی کے خطبات میں کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہئے اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہش کے مطابق وہاں رائے شماری کرائی جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے بھی دنیا پر واضح کر چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیرجنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی خراب ہے اور ظالم بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں پر چھرے والی بندوقوں سے وار کرکے ان کو عمر بھر کی بینائی سے محروم کر رہے ہیں۔