اقوام متحدہ کے امدادی سربراہ کایوکرین میں انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے تحفظ اور مزید وسائل کی فراہمی کا مطالبہ

89

اقوام متحدہ ۔1مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے یوکرین میں انسانی ہمدردی کے کام کرنے والے کارکنوں کے تحفظ اور مزید وسائل کی فراہمی پر زور دیا۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یوکرین میں انسانی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک امداد پہنچانا چاہتے ہیں تو اس کے لئےہمیں فوری طور تنازعہ کے فریقین کی طرف سے یقین دہانی کی ضرورت ہے کہ انسانی ہمدردی کے کارکنوں اور تحریکوں کو تنازعات کے شدید ترین دنوں میں بھی تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تمام فریقوں کو ضرورت مند شہریوں کے لیے غیرجانبدارانہ انسانی امداد کی اجازت اور سہولت فراہم کرنی چاہیے اور ان افراد کی نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کارکنوں کے لئے مزید وسائل کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ فوری، فراخدلانہ طور پرفنڈنگ ​​کے ساتھ تعاون کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی سب سے اہم ضروریات ہنگامی طبی خدمات ہیں، جن صحت کی خدمات، اہم ادویات، ، پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی ، بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ اور تحفظ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔