لاہور۔13مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے زیر اہتمام "ڈیجیٹل جمہوریت میں عمل” کے عنوان سے ایک اہم تربیتی سیشن کا کامیاب انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ اس سیشن میں پنجاب اسمبلی کے معزز اراکین نے شرکت کی جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور تربیتی سیشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جمہوریت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ان پلیٹ فارمز پر غلط معلومات اور گمراہ کن مواد جمہوری اقدار کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ فیکٹ چیکنگ، ذمہ دار ڈیجیٹل گورننس اور پلیٹ فارم کی جوابدہی ناگزیر ہے تاکہ غلط معلومات کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی ڈیجیٹل غلط معلومات کے خلاف مثر اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔
آزادی اظہار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے مگر غلط معلومات کی روک تھام بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ جمہوری اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل گورننس میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آن لائن ہراسانی خواتین کی آوازوں کو خاموش کرتی ہے، جس کے تدارک کے لیے مثر اقدامات اور قوانین کی ضرورت ہے۔سپیکر نے کہا کہ "صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے موجودہ قوانین کو مزید موثر اور جامع بنایا جائے گا،
تاکہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے تمام اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، تاکہ ایک ایسا نظام تشکیل دیا جا سکے جو شفافیت اور جوابدہی پر مبنی ہو۔انہوں نے کہا کہ "پنجاب اسمبلی مضبوط قانونی تحفظات، مو ثر عملدرآمد اور پالیسی اصلاحات کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ جمہوریت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
تقریب میں موجود اراکین اسمبلی نے بھی ڈیجیٹل جمہوریت کے تقاضوں اور چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا مقصد بااختیار بنانا ہے، نہ کہ خاموش کرنا۔ ہر آواز کا احترام اور حفاظت جمہوری اقدار کی بنیاد ہے۔آخر میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے یو این ڈی پی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات جمہوریت کے فروغ اور ڈیجیٹل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیتی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572227