جنیوا۔24فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایسو سی ایٹڈ پریس( اے پی ) کے مطابق انہوں نے پیر کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو آگاہ کیا ہےکہ میں اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد اور دیگر خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ سخت تشویش میں ہوں۔ انہوں نے غزہ میں 19 جنوری سے جاری جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے کہا کہ ہم ایک غیر یقینی جنگ بندی کا مشاہدہ کر رہے ہیں، ہمیں ہر قیمت پر دشمنی کی بحالی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ غزہ کے لوگ پہلے ہی بہت زیادہ نقصان اٹھا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک مستقل جنگ بندی، باقی تمام یرغمالیوں کی باوقار رہائی، دو ریاستی حل کی جانب ناقابل واپسی پیشرفت، قبضے کے خاتمے اور غزہ کے اٹوٹ انگ کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا وقت ہے۔ یاد رہے کہ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی آباد کاروں اور فوج کی جانب سے تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
مغربی کنارے کے جنین، طولکرم اور توباس کے شہروں کے قریب متعدد پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی جارحیت پھیلی ہوئی ہے۔اتوار کو بھی اسرائیل کی فوج نے جنین میں ٹینکوں کی تعیناتی کا اعلان کیا، 2005 میں دوسری فلسطینی انتفاضہ یا بغاوت کے خاتمے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مغربی کنارے میں ٹینکوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565365