القادر ٹرسٹ کیس کرپشن کا سب سے بڑا سکینڈل ہے، بلیک منی کو وائٹ کرنے کیلئے جھوٹا ٹرسٹ بنایا گیا، عطا تارڑ

373

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس کرپشن کا سب سے بڑا سکینڈل ہے، بلیک منی کو وائٹ کرنے کیلئے جھوٹا ٹرسٹ بنایا گیا، عمران خان کی کرپشن اور چوری پکڑی گئی ہے انہوں نے قومی خزانہ کو اربوں روپوں کا نقصان پہنچایا ہے، عمران خان کو اپنی لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا، عمران خان سیاسی مخالفین پر لگائے گئے الزامات کو ثابت نہ کرسکے، عمران خان کی ہدایت پر شرپسندوں نے املاک کو جو نقصان پہنچایا ہے ان شرپسندوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کئے جائیں گے۔

اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیرقانونی رہائی کے بعد خطاب کیا۔ انہوں نے 60 ارب روپے کی چوری کے معاملہ کو اس طرح پیش کیا کہ وہ پاکستان کے مفاد میں تھا، یہ اس شخص کا بیان نہیں لگتا جس کا ذہنی توازن درست ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک ایسے کیس میں عمران خان کی گرفتاری عمل میں لایا جس میں رشوت براہ راست پکڑی گئی تھی۔ کابینہ میں ایک بند لفافہ لایا گیا جس پر اس وقت کے وزیر طارق بشیر چیمہ اور فیصل واوڈا نے اعتراض کیا کہ اس لفافہ کو کھولا جائے کہ اس میں کیا ہے اور کابینہ سے کس چیز کی منظوری لی جارہی ہے بجائے اس کے کہ 60 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کراتے جو قوم کا پیسہ تھا خان صاحب نے اس کیلئے اپنی دکان کھولی اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو وہ سہولیات مہیا کیں جو پاکستان کی تاریخ میں کسی کو نہیں ملیں۔

انہوں نے 190 ملین پائونڈ ملنے کے بعد پراپرٹی ٹائیکون کے جرمانہ کی مد میں سپریم کورٹ میں جمع کرائےاور اس کے بدلہ میں 458 کنال زمین لی۔ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس کرپشن کا سب سے بڑا کیس ہے جس پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دستخط موجود ہیں یہ ایک جھوٹا ٹرسٹ بنایا گیا، پتہ نہیں اس ٹرسٹ میں کون سے مستحقین تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جرائم پیشہ ذہنیت اسی طرح کی سکیمیں بناتی ہیں یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور مشکل سے ملزم کو کٹہرے میں لایا گیا اور اس نے تحریری طور پر جواب بھی جمع نہیں کرایا اور سپریم کورٹ نے اس کو رہا کر دیا۔

عمران خان نے کابینہ میں بند لفافہ کا اعتراف کیا ہے اور اس کا آپ کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلیک منی کو وائٹ کرنے کیلئے جھوٹا ٹرسٹ بنایا گیا، ملک و قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے، خان صاحب نے ایک پراپرٹی ٹائیکون کو سہولتیں فراہم کیں۔ عمران خان کی کرپش پکڑی گئی انہیں اپنی لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کئے جائیں گے، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے جناح ہائوس پر بھی حملہ کیا۔