Election day banner
26.4 C
Islamabad
ہفتہ, جون 22, 2024
ہومقومی خبریںاللہ تعالی نئے سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالمِ اسلام...

اللہ تعالی نئے سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالمِ اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت بنائے، دنیا کو امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی نصیب فرمائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سال 2023 کے آغاز پر پوری پاکستان قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ اس سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالم ِ اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت بنائے اور دنیا کو امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی نصیب فرمائے۔

ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا، مگر ہم اپنی محنت ، بہادری ، ایثار، عزم اور مستقل مزاجی کی بدولت مشکل حالات سے نکلے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پر کامیابی سے قابو پانے کے بعد پاکستان کو ملک کے طول و عرض میں تاریخی سیلاب کا بھی سامنا کرنا پڑا۔صدر مملکت نے کہا کہ مجھے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے اور وہاں پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کا موقع ملا، میں مشکل میں گھری پاکستانی عوام سے ملا اور ان کے مسائل سنے، سیلاب کے دوران جہاں مجھے مختلف مسائل ، نقصانات اور سیلاب کی تباہی دیکھنے کو ملی، وہیں میں نے اپنی قوم کی ثابت قدمی ، ایثار، حب الوطنی ، یکجہتی ، عزم اور استقلال کو بھی دیکھا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی انہی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو آج مختلف معاشی مشکلات ، سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کی دوبارہ سراٹھاتی عفریت، موسمیاتی تبدیلیوں، غربت اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں ہمیں قوم کو درپیش ان مسائل پر قابو پانے کیلئے بحیثیت قوم اپنی ترجیحات کا درست طور پر تعین کرنا ہے۔ ہمیں ملک کو ایک خوشحال، ترقی یافتہ، جمہوری اور مستحکم ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی، اتحاد، نظم و ضبط، مسلسل محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نیا سال اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے جمہوری اداروں کی فعالیت، اثر انگیزی اور کارکردگی میں اضافہ یقینی بنائیں، ہمیں اپنے اداروں کی کاردکردگی میں اضافہ کیلئے متعلقہ قوانین اور قواعدوضوابط میں اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کیلئے اس سال تمام سٹیک ہولڈرز کو آئین کی پاسداری، انصاف کی فراہمی، شفافیت، کارکردگی میں اضافہ، میرٹ کی پابندی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات لینا ہوں گے۔

علاوہ ازیں ہمیں سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور معاشرے کے کمزور طبقات کو غربت سے نکالنے کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک جامع معاشرے کا قیام خصوصی افراد اور خواتین کی معاشرے اور کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، ہمیں اپنے قدرتی وسائل اور توانائی کا ذمہ دارانہ استعمال کرنے کی عادت اپنانا ہوگی اور ہمیں انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ مزکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنے تہینتی پیغام کے آخر میں صدر مملکت نے کہا کہ آئیں، نئے سال کے آغاز پر پاکستان کو ایک پرامن، خوشحال اور اسلام کے زریں جمہوری اصولوں پر مبنی ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جانب سفر کی شروعات کرنے کاعہد کریں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ان مقاصد کے حصول میں ہمارا حامی و ناصر ہو اور سال 2023 کو پاکستان کیلئے ترقی ، استحکام اور امن و امان کا سال بنائے۔

متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں