الیکشن چوری کرنا مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے ،غلام سرور خان

77
الیکشن چوری کرنا مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے ،غلام سرور خان
الیکشن چوری کرنا مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے ،غلام سرور خان

اسلام آباد/ٹیکسلا۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسلم لیگ ن نے بہت نقصان پہنچایا اس لیگ کااصل مسلم لیگ سے کوئی تعلق نہیں، ایک طرف مودی کے یار ہیں الیکشن چوری کرنا جنکا وطیرہ ہےاور دوسری طرف پاکستان سے محبت کرنے والا لیڈرعمران خان ہے جس نے اپنا سب کچھ اس ملک کے لئے وقف کردیا ہے، پینتیس سال اور اڑھائی سال کی کارکردگی کا مقابلہ نہ کریں انشا اللہ ہر آنے والا دن بہتر ہوگا، ٹیکسلا کی ایک تاریخی اہمیت ہے اور دنیا اس اہمیت سے واقف ہے، سابقہ ادوار میں ٹیکسلا کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، بنیادی سہولتوں کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے گیس کی فراہمی اسی سلسلہ کی کڑی ہے سات کروڑ روپے کی لاگت کے اس منصوبے سے علاقے کے چھ گائوں گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل ٹھٹھہ خلیل کے گائوں پسوال میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پرکیا، ایم این اے منصور حیات خان اور ایم پی اے عمار صدیق خان بھی اس موقع پرموجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سات کروڑ روپے کی لاگت سے اس علاقے کے چھ گائوں گیس کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ پسوال، بن بابا جی، ہکلا، ڈھوک گلاب ڈھوک اکثر خان اور پوڑ کے دیہات اس منصوبے میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، حلقے کے تمام دیہاتوں کو سوئی گیس، بجلی اور سڑکوں جیسی سہولتوں فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس علاقے کے عوام کو مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میںبنیادی سہولتوں سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا کی ایک تاریخی اہمیت ہے اور دنیا ٹیکسلا کے نام سے واقف ہے یہاں کی طیب و حلال رزق دینے والی دھرتی کی قدر کرنی چاہئے، اس علاقے نے مجھ پر اور میرے خاندان پر اعتماد کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب میرا فرض ہے کہ آپ کو تمام سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسلم لیگ ن نے بہت نقصان پہنچایا اس لیگ کااصل مسلم لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈر عمران خان نے اپنا سب کچھ اس ملک کے وقف کردیا ہے۔اور ایک طرف یہ لیڈر ہیں جنہوں نے اس قوم کا خون چوسا۔ان چوروں لٹیروں نے آج تک کو ئی الیکشن اپنی محنت سے نہیں جیتا۔صرف اور صرف الیکشن چوری کر کے جیتتے ہیں۔

ایک طرف مودی کے یاراور ایک طرف پاکستان سے محبت کرنے والا لیڈرعمران خان ہے،انشااللہ جیت ہماری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کا منصوبہ اس علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے جس سے مہنگائی میں کمی ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پینتیس سال اور اڑھائی سال کی کارکردگی کا مقابلہ نہ کریں انشا اللہ ہر آنے والا دن بہتر ہوگا۔ حالیہ ضمنی الیکشن کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ الیکشن چوری کیا۔ الیکشن چوری کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے کو قبول کریں گے، جہاں یہ جیتیں ٹھیک ہے جہاں ہاریں دھاندلی کا شور کرتے ہیں دراصل یہ دھاندلی کی پیداوار ہیں۔