اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47اسلام آباد کے کامیاب امیدوار کا سرکاری نتیجہ دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کی درخواست پر فیصلے تک روک دیا ۔ اتوار کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی ۔
اس موقع پر آزاد امیدوار شعیب شاہین کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان کے پاس موجود فارم 45 کے مطابق وہ یہاں سے انتخاب میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں لہذا ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا کہ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ اور جیتنے والے امیدوار کو نوٹس جاری کئے بغیر اس معاملے پر فیصلہ نہیں دیا جاسکتا ۔
کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر سے تین دن میں جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے اپنے دفتر کو ہدایت کی کہ وہ اس رپورٹ کے موصول ہونے کے بعد کیس کو سماعت کے لیے مقرر کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=438569