الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل

56
Election Commission

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کل اتوار کو ہونے والے کنٹونمنٹس انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ جات نصب کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ سٹیشن پر پولیس تعینات ہو گی جبکہ پولنگ سٹیشنوں کی حدود کے باہر رینجر ، ایف سی بھی تعینات ہو گی ۔پولنگ کے اوقات کار صبح 8بجے سے شام 5بجے تک ہوں گے ۔

پولنگ کے اختتام پر پریذائیڈنگ افسران گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ سٹیشن پر کریں گے جبکہ ریٹرنگ آفیسر صاحبان ہر وارڈ کے نتائج کی تکمیل کے بعد فوری طور پر غیر حتمی نتائج کا اعلان کریں گے ۔

تمام پولنگ ایجنٹوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نتیجہ کی کاپی پریذائیڈنگ آفیسر سے حاصل کریں ۔ تمام الیکشن ایجنٹ یاامیدوار غیر حتمی نتیجہ کی کاپی بھی متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کریں۔