الیکشن کمیشن کے نومنتخب ممبران جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی،عبدالغفار سومرو، جسٹس (ر) شکیل بلوچ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے حلف اٹھا لیا

191

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) چاروں صوبوں سے الیکشن کمیشن کے نومنتخب ممبران نے پانچ سال کے لئے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب بدھ کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب سمیت کمیشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے والوں میں پنجاب سے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، سندھ سے عبدالغفار سومرو، بلوچستان سے جسٹس (ر) شکیل بلوچ، خیبر پختونخوا سے جسٹس (ر) ارشاد قیصر شامل ہیں۔ ان ممبران کا انتخاب حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے ناموں میں سے پارلیمانی کمیٹی نے کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی مدت اڑھائی سال بعد قرعہ اندازی کے ذریعے ختم ہو جائے گی جس کے بعد پانچ سال کے لئے دو نئے ممبران کا انتخاب کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کے حلف کے بعد الیکشن کمیشن مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد التواءمیں پڑے ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور جلد حل ہونے کی توقع ہے۔