اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):الیکٹرانک میڈیا کے کچھ چینلز نے یکسر ایک من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے اہداف میں نظر ثانی کے لیے ایف بی آر کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس بات کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ اس موضوع پر آئی ایم ایف کے ساتھ کو ئی ملاقات کی گئی ہے۔
یہ بات بھی ایک حقیقت ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کسی بھی اجلاس، چاہے وہ ورچوئل ہو یا دیگر، یہ موضوع ایجنڈے کا حصہ نہیں رہا ہے۔لہذا ایف بی آر نہ صرف اس خبر کو مسترد کرتا ہے بلکہ قومی ذرائع ابلاغ کو درخواست کرتا ہے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں سے گریز کرے جو ہمارے قومی مفادات پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔