امریکا افغانستان میں انسانی بحران ، دہشت گردی سے نمٹنے، دیگر مسائل پرطالبان کے ساتھ قطر میں آئندہ ماہ دوبارہ مذاکرات شروع کرے گا

82
امریکی انتظامیہ کا مشرق وسطیٰ سے لاکھوں شہریوں کے ممکنہ انخلا کے منصوبے پر غور

واشنگٹن۔24نومبر (اے پی پی):امریکا افغانستان میں انسانی بحران ، دہشت گردی سے نمٹنے اور دیگر مسائل پر طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے آئندہ ماہ قطر میں دوبارہ مذاکرات شروع کرے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز بیان میں بتایا کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق قطر میں2 ہفتے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ کریں گے۔

مذاکرات میں امریکا کے اہم قومی مفادات ، داعش اور القاعدہ کے خلاف انسداد دہشت گردی آپریشنز، انسانی امداد، افغانستان کی بگڑتی معیشت اور 20سالہ افغان جنگ کے دوران امریکا کےلیے کام کرنے والے افغان اور امریکی شہریوں کےافغانستان سے نکلنے کے محفوظ راستہ نکالنے پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا اور فی الحال صرف انسانی امداد فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے ساتھ2 روزہ مذاکرات کا پہلا مرحلہ9اکتوبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوا تھا ۔