امریکا کیوبا کے خلاف پابندیاں فوری طور پر ہٹائے، چین

54

بیجنگ۔2جولائی (اے پی پی):چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ کیوبا کے خلاف پابندیاں فوری طور پر ہٹائے اور کیوبا کو دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی فہرست سے نکال دے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے بدھ کو باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہی ۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیر کو کیوبا کے بارے میں امریکی پالیسی کو سخت کرنے کے لیے ایک میمورنڈم پر دستخط کرنے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 60 سال سے زائد سالوں کے دوران امریکا نے کیوبا پر وحشیانہ ناکہ بندی اور غیر قانونی پابندیاں عائد کی ہیں،

کیوبا کے بقا اور ترقی کے حق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، بین الاقوامی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے جس کے باعث کیوبا کے عوام کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین ترقی کے راستے پر چلنے میں کیوبا کی مضبوط حمایت کرتا ہے جو اس کے قومی حالات کے مطابق ہے اور نام نہاد آزادی اور جمہوریت کی آڑ میں یکطرفہ امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے۔ چینی ترجمان نے مزید کہا کہ کیوبا کے خلاف پابندیاں ہٹانا اور اسے دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی فہرست سے نکالنا عالمی برادری کی طرف سے بھی ایک مشترکہ مطالبہ ہے۔ ■