امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان بیرل سے تباہی، 3 افراد ہلاک ،1,300 پروازیں منسوخ ، 27 لاکھ گھروں اور کاروباروں کو بجلی کی فراہمی معطل

248

واشنگٹن۔9جولائی (اے پی پی):امریکی ریاست ٹیکساس کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان بیرل سے کم از کم3افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی ہو ئی ہے۔ طوفان کے زیر اثر چلنے والی تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش سے ہائی ویز کئی مقامات پر سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، تیل کی ترسیل کے لئے استعمال ہونے والی بندرگاہیں بند کر دی گئیں، 1,300 سےزیادہ پروازیں منسوخ اور 27 لاکھ سے زیادہ گھروں اور کاروباروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق بیرل شدت میں ایک بار پھر اضافے کے باعث کیٹیگری 5 کے سمندری طوفان میں تبدیل ہو نے کے بعد میٹاگورڈا اور ٹیکساس کے دیگر ساحلی علاقوں سے ٹکرایا ہے تاہم ہیوسٹن تک پہنچنے سے پہلے اس کی شدت میں کمی آگئی۔ بیرل نے ٹیکساس پہنچنے سے پہلے میکسیکو اور کیریبین میں بھی تباہی مچائی جہاں طوفان سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو ئے۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں ہیوسٹن کے علاقے میں گھروں پر درخت گرنے کے دو واقعات میں 53 سالہ مرد اور 74 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ ایک اور شخص ڈیوٹی پر جاتے ہوئے ایک انڈر پاس میں ڈوب گیا۔سمندری طوفان کے باعث علاقے میں ریفائنریز کی کارکردگی متاثر ہوئی اور بعض مقامات پر تیل کی پیداوار روک دی گئی۔ریاستی حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور ابھی تک طوفان سے معاشی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا گیا۔ٹیکساس پبلک یوٹیلیٹی کمیشن کے سربراہ تھامس گلیسن نے کہا کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں کئی دن لگیں گے۔ طوفان سے گالوسٹن، سارجنٹ، لیک جیکسن اور فری پورٹ کے علاقے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں۔سیلابی پانی میں ڈوب جانے والی کئی سڑکوں کو آمدورفت کے لئےبندکر دیا گیا ہے جبکہ ہیوسٹن شہر کے کئی علاقوں میں بھی سیلابی پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ یو ایس نیشنل ویدر سروس کے مطابق طوفان منگل کو آرکنساس ، منگل کی رات کو لوئر اوہائیو وادی اور ر بدھ کو لوئر گریٹ لیکس میں طوفانی ہوائوں اور موسلا دھار بارش کا باعث بن سکتا ہے۔