امریکی صدر کا غریب ممالک کو اضافی 50 کروڑ ویکسینز عطیہ کرنے کا عہد

93
امریکی صدر کا 2024 میں دوسری بار انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کا عندیہ، حتمی فیصلے کا اعلان آئندہ سال کے اوائل میں کریں گے

واشنگٹن۔23ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر جوبائیڈن نےکورونا وائرس سے نمٹنے کی جدوجہدکرنے والے ممالک کو اضافی 50 کروڑ ویکسینز عطیہ کرنے کا عہد کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روزوائٹ ہائوس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرعالمی رہنمائوں کے کوویڈ۔19 سمٹ کے دوران ورچوئل خطاب میں کہا کہ کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے بھرپورکوششوں کی ضرورت ہے اور امریکا ممالک کو ویکسینز کی فراہمی کے لیے ایک ذریعہ بنے گا جیسے دوسری عالمی جنگ میں جمہوریت کی بحالی کا ذریعہ بنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا مجموعی طور پر 1.1 بلین کورونا ویکسینز عطیہ کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نےپہلے ہی 100ممالک کوویکسین کی 16کروڑ خوراکیں فراہم کر دی ہیں جبکہ ہم نے اب تک ہر امریکی شہری کو ویکسین کی پہلی خوراک لگا دی ہے جبکہ اب ہمارا پوری دنیا کے لیے ویکسین کی 3 خوراکیں لگانے کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نصف ارب ویکسینز کی نئی کھیپ فائزر کی ہوگی جو کم آمدنی اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران سے اکیلے نہیں نمٹا جا سکتا بلکہ اس کے لیے زیادہ آمدنی والے ممالک کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ویکسینز کا زیادہ تر حصہ عطیہ کرنے کی ضرورت ہے ۔وائٹ ہائوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن دنیا کے رہنمائوں پر زور دے رہے ہیں کہ آئندہ سال ستمبر تک ہر ملک کی 70 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کی جائے۔