واشنگٹن۔26ستمبر (اے پی پی):امریکی محکمہ خارجہ نے دارالحکومت واشنگٹن میں کیوبا کے سفارت خانے پر حملے کی مذمت کی ہے۔اس حملے میں ایک شخص نے مبینہ طور پر کیوبا کے سفارت خانے پر دو مولوٹوف کاک ٹیل پھینکے تھے تاہم کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا اور کوئی خاص نقصان بھی نہیں ہوا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ سفارتی تنصیبات کے خلاف تمام حملے اور دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کیوبا کے سفارت خانے کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق سفارتی سہولیات اور ان میں کام کرنے والے سفارت کاروں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ تحقیقات میں واشنگٹن پولیس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
دریں اثنا کیوبا کی امریکا مخالف حکومت نے اتوار کی رات ہونے والے اس واقعہ کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔ کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے امریکی حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔