امریکی پولیس نے پلاسٹک کا کانٹا تھامے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

113
امریکی پولیس نے پلاسٹک کا کانٹا تھامے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

واشنگٹن۔23فروری (اے پی پی):امریکی پولیس نے ایک مشکوک شخص کو مسلح سمجھ کر گولی مار دی تاہم اس کے پاس سے صرف پلاسٹک کا کانٹا برآمد ہوا۔ اردو نیوز کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ایک گودام میں پیش آیا اور پولیس کی جانب سے اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اس امر کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا فائرنگ کرنے والے اہلکار نے طاقت کے استعمال کے قوانین کی پاسداری کی یا تجاوز کیا ہے؟گولی کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت جیسن لی میککینی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 36 سال ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے کوریڈور میں ایک شخص پولیس اہلکاروں سے الجھ رہا ہے۔

پولیس اہلکار اس کو دونوں ہاتھ اوپر اٹھانے کا کہتے ہیں اور شروع میں وہ اس کی تعمیل کرتا بھی کھائی دیتا ہے۔تاہم تھوڑی دیر بعد وہ اہلکاروں کی طرف بڑھنا شروع کر دیتا ہے اور اس کی مٹھی میں کوئی چیز بھی دکھائی دیتی ہے، جس کے بارے میں پولیس اہلکاروں کا خیال تھا کہ وہ پیچ کس ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب گولی چلنے کی آواز آتی ہے تو اس وقت وہ شخص پولیس اہلکاروں کی طرف بڑھ رہا ہوتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے قریب آتے ہی ایک پولیس افسر کے ہاتھ میں پکڑی شاٹ گن پکڑ لی، جس پر دوسرے افسر کو گولی چلانا پڑی۔

فائرنگ کے بعدجیسن لی میککینی کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا، واقعے میں کوئی بھی پولیس اہلکار یا گودام کا ملازم زخمی نہیں ہوا۔مشکوک شخص نے جو چیز مٹھی میں پکڑی ہوئی تھی اور جس کو پولیس اہلکار پیچ کس سمجھے تھے وہ دراصل پلاسٹ کا فورک (کانٹا)تھا۔