امریکی کانگریس وویمن الہان عمر کے آزاد کشمیر کے دورے اور میرے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس پر بھارت بے جا واویلہ کر رہا ہے ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

48

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس وویمن الہان عمر کے آزاد کشمیر کے دورے اور میرے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس پر بھارت بے جا واویلہ کر رہا ہے حالانکہ اب کشمیریوں کی تحریک کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اسی طرح مجھے گزشتہ دنوں او آئی سی کی طرف سے دورے کی دعوت دی گئی جبکہ میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی خطاب کیا تھا جس میں پچاس سے زائدممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی تھی یہ سب مسئلہ کشمیر پر اہم پیشرفت ہے۔

بھارت کی بے چینی کو میں سمجھتا ہوں چونکہ اب ہم نے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت آئے روز مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے اور بالخصوص 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد اُ س نے وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

دو روز قبل بھی پلوامہ میں تین نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور اب کشمیری عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور مودی کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اپنے جبر و استبداد سے دبا نہیں سکتا اور مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو کر رہے گا۔