اسلام آباد۔20جون (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہےادارہ شماریات پاکستان مردم شماری کے نتائج الیکشن کمیشن کو حدود کی حد بندی کے لیے بروقت فراہم کرے گا۔پیر کو یہ بات انہوں نے ادارہ شماریات میں ادارہ شماریات پاکستان اور نادرا کے درمیان مردم شماری سافٹ ویئر اور ٹیبلٹ کی فراہمی کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئی کہی ۔
انہوں نے ادارہ شماریات پاکستان اور نادرا کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ شماریات پاکستان اور نادرا دونوں اہم ادارے ہیں۔ جیسا کہ ادارہ شماریات پاکستان ملک کی ترقی کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے اور نادرا ملک کے لیے ایک جامع خودکار رجسٹریشن سسٹم کو برقرار رکھتا ہے۔ مردم شماری وسائل کی تقسیم، حد بندی اور پالیسی سازی سے منسلک ایک اہم سرگرمی ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت بڑھے گی لیکن ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سافٹ ویئر کی صلاحیت پر منحصر ہے۔
ا نہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ شماریات پاکستان مردم شماری کے نتائج الیکشن کمیشن کو حدود کی حد بندی کے لئے بروقت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک مشکل کام ہے جسے وسیع محنت کے بغیر مکمل نہیں کیا جا سکتا۔ اس میں حصہ لینے والے ہر فرد کی کوششیں قابل تعریف ہیں خاص طور پر شمار کنندہ جو ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل میں شامل ہیں۔ ادارہ شماریات پاکستان اور نادرا کے درمیان مردم شماری سافٹ ویئر اور ٹیبلٹ کی فراہمی کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب نیشنل سینسس کوآرڈینیشن سینٹر ادارہ شماریات پاکستان کے ہیڈ آفس، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ساتویں ڈیجیٹل پاپولیشن اینڈ ہاؤسنگ مردم شماری کے لوگو کی نقاب کشائی بھی احسن اقبال نے کی۔ اس موقع پر نادرا، این ٹی سی، سپارکو جیسے تعاون کرنے والے شراکت داروں کے نمائندے، وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے مندوبین اور ادارہ شماریات کے افسران بھی موجود تھے۔ چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ نادرا آئندہ ساتویں ڈیجیٹل آبادی اور مکانات کی مردم شماری کے لیے سافٹ ویئر اور ٹیبلٹس فراہم کرے گا۔ یہ سافٹ ویئر ادارہ شماریات اور نادرا کے درمیان تفصیلی معلومات کے تبادلے اور وسیع مشاورت کے بعد تیار کیا جا رہا ہے۔
سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ ایک اہم سنگ میل ہے،مردم شماری کا سافٹ ویئر نادرا فراہم کرے گا اس کے 16 ماڈیولز ہیں۔ انہوں نے مردم شماری کے عمل اور مردم شماری کی سرگرمیوں کی نگرانی کے طریقہ کار اور اسٹیک ہولڈرز کی اعتماد سازی کے بارے میں ایک مختصر پریزنٹیشن بھی دی۔اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے مردم شماری جیسی قومی سرگرمی میں تعاون کرنے والے شراکت دار بننے کو اپنے ادارے کے لیے اعزازسمجھتے ہوئے اعلان کیا کہ نادرا کی طرف سے فراہم کردہ سافٹ ویئر گھریلو فہرستوں، گنتی کے لیے ایک جامع ایپلی کیشن ہو گا اور اسے جی پی ایس کنٹرول سے منسلک کیا جائے گا۔
یہ ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنائے گا اور مردم شماری کی مشق کے دوران نادرا 24 گھنٹے تکنیکی مدد بھی فراہم کرے گا۔ پائلٹ مردم شماری کے کامیاب عمل کے بعد، دائرہ کار کو مکمل گنتی تک بڑھا دیا جائے گا۔ اس موقع پر چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفراورچیئرمین نادرا طارق ملک نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔آخر میں مردم شماری کے لوگو والی شیلڈز پروفیسر احسن اقبال اور دیگر تعاون کرنے والے شراکت داروں کو پیش کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=313436