لاہور۔6مئی (اے پی پی):پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین سمیت تمام شعبوں کے سربراہ شریک ہوئے۔اجلاس میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر معاملات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ مریض کی جان بچانا ہیلتھ پروفیشنلز کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، اس حوالے سے کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تشویشناک حالت میں آنے والے مریضوں کا علاج پرچی بننے کا انتظار کیے بغیر شروع کیا جائے تاکہ مریض کی جان بچائی جا سکے۔ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ ایمرجنسی میں بغیر پرچی فیس علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔شہریوں کو دن رات سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی فراہمی کے اور شکایات کے بروقت ازالہ کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593257