33.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومضلعی خبریںام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کا یوم وصال 10رمضان المبارک کو...

ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کا یوم وصال 10رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی):سرکار دوعالم، فخر موجودات، سرور کائنات حضرت محمد مصطفی ؐ کی اہلیہ محترمہ اور ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کا یوم وفات 10رمضان المباک بمطابق 11مارچ بروزمنگل کوانتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں فیصل آباد سمیت ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام وخطیب حضرات ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت وکردار اور دین اسلام کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔حضرت خدیجہؓ مکہ کی ایک معزز، مالدار، عالی نسب خاتون تھیں جن کا تعلق عرب کے قبیلے قریش سے تھا۔ام المومنین حضرت خدیجہ ؓحسن سیرت اعلیٰ اخلاق بلند کردار،عزت وعصمت اور شرافت و مرتبہ کی وجہ سے مکہ مکرمہ اور اردگرد کے علاقوں میں ”طاہرہ“کے خوبصورت اور پاکیزہ لقب سے مشہور تھیں۔ ام المومنین وہ پہلی خاتون ہیں جن پر اسلام کی حقیقت سب سے پہلے روشن ہوئی اور انہوں نے نبی کریم ؐ کی تصدیق کی۔

- Advertisement -

بے شمار فضائل و مناکب کی بناء پر انہیں تاریخ اسلام میں نہائت بلند مقام حاصل ہے۔ نسب کے لحاظ سے بھی آپ سرور کائنات ؐ کی دیگر ازواج مطہرات کے مقابلہ میں سب سے زیادہ قریب تھیں۔ آپ ؓ مکارم اخلاق کا پیکر جمیل تھیں۔ عفت و پاکدامنی کے باعث زمانہ جاہلیت میں بھی آپ ؓ کو طاہرہ کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا۔سب سے پہلے نبی کریمؐ نے جس خاتون سے نکاح فرمایا وہ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓ ہی تھیں۔ آپ ؓ 10 رمضان المبارک کو 65 برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔

آپ ؓ کے یوم وفات کے موقع پر مساجد میں قرآن خوانی کی جائے گی جبکہ آپ ؓ کی دین اسلام کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570536

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں