انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی قومی مہم 2 اکتوبر 2023 سے شروع ہوگی

Anti-polio campaign
Anti-polio campaign

استور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع استور میں بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی قومی مہم 2 اکتوبر 2023 سے شروع ہوگی۔ اس مہم کے دوران تقریبا سولہ ہزار کے قریب پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ انسداد پولیو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر استور/ چیرمین کمیٹی زید نے کی جبکہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استور ڈاکٹر صلاح الدین, اسسٹنٹ کمشنر استور وسیم عباس,ڈپٹی ڈاریکٹر محکمہ تعلیم عبدالباری , ڈی ایس پی ہمایوں عالم , ایس ڈی او غضنفر علی,ایس ڈی او محمود عالم، نمائندہ عالمی تنظیم ادارہ صحت شاکراللہ سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی.

اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ ڈپٹی کمشنر استور زید نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی مہم ہے. اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے. تاکہ وطن عزیز سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہوسکے اور ہمارے بچے اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکے. اس لیے ہم سب نے اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جس سے انسان نہ تو جیتا ہے اور نہ مرتا ہے. اس لیے ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور اپنے بچے جو قوم کا مستقبل ہوتے ہیں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں.

انہوں نے کہا کہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیےضلعی انتظامیہ استور محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی تاکہ محکمہ صحت اپنے اہداف حاصل کرسکے. ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ مہم کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز,تحصیلدار, نائب تحصیلدار سمیت دیگر ریونیو کا عملہ اپنے فرائض انجام دیں گے. اس سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استور ڈاکٹر صلاح الدین نے اجلاس کو انسداد پولیو کی قومی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی. انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران کل 16200 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

جبکہ اس مہم کے دوران 127 موبائل ٹیمیں گھرگھر جاکر قطرے پلائیں گے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 10 زونل سپروائزر اور 34 ایریا انچارج اپنے فرائض انجام دیں گے۔ جبکہ اس مقصد کے لیے 4 ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کیے جائں گے. ڈپٹی کمشنر استور کی ہدایت پر چلم کے مقام پر ایک اضافی ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کیا جارہا ہے۔