23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںانسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں "پیوٹ" میگزین کے یوم تاسیس کے خصوصی...

انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں "پیوٹ” میگزین کے یوم تاسیس کے خصوصی ایڈیشن کے اجراءکا اہتمام

- Advertisement -

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی): انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر نے "پیوٹ” میگزین کے یوم تاسیس کے خصوصی ایڈیشن کے اجراءکا اہتمام کیا۔

تقریب کی مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ جبکہ دیگر مقررین میں چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی اور چینی سفارت خانے میں وزارتی قونصلر یانگ نو شامل تھے۔وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری ممتاز زہرہ بلوچ نے پیوٹ کے خصوصی ایڈیشن کے آغاز پر انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر کو مبارکباد دی۔

- Advertisement -

انہوں نے میگزین اور اس کی پوری ٹیم کو میگزین کے معیار، مواد اور بصری موادکو بہتر بنانے پر شاباش دی۔ انہوں نے میگزین کی ٹیم کو علاقائی ترقی بالخصوص بحر ہند میں حفاظتی انتظامات پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی، سفیر اعزاز احمد چوہدری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

انہوں نے کہا کہ میگزین کا محور پاکستان ہے اور اس لئے ہم نے میگزین کے افق کو چین پاکستان تعلقات سے لے کر دیگر شعبوں تک بھی پھیلا دیا ہے، غیر روایتی سکیورٹی بھی اب ہماری خصوصی توجہ ہے۔ اعزاز احمد چوہدری نے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر طلعت شبیر اور ایڈیٹر عروسہ خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے تعارفی کلمات میں ڈائریکٹر چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے میگزین کے تمام معاونین بشمول سرپرست اعلیٰ، مدیر، اور میگزین کے تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شرکاءکو میگزین کے خصوصی موضوع سے متعارف کرایا جو کہ پاکستان کی نئی تشکیل کردہ قومی سلامتی پالیسی تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی جامع ہے کیونکہ یہ روایتی سے غیر روایتی سکیورٹی تک وسیع موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔

سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ پیوٹ میگزین جیسی اشاعتیں سوشل میڈیا کے دور میں بھی انتہائی متعلقہ ہیں۔ آئی ایس ایس آئی کی اشاعتیں اچھی طرح سے تحقیق شدہ ہیں اور ان میں اعلیٰ معیار کی پالیسی کی معلومات ہوتی ہیں۔ انہوں نے میگزین کے بصری اثرات کی تعریف کی اور اسے ایک بہت ہی دلکش میگزین قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کثیر جہتی نوعیت کے ہیں اور ان کا دائرہ کار چین پاکستان اقتصادی راہداری تک محدود نہیں ہے۔ پاکستان میں چینی سفارت خانے کے منسٹر قونصلر یانگ نو نے پاک چین تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر ڈی جی آئی ایس ایس آئی اور ڈائریکٹر سی پی ایس سی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے نئے پالیسی فریم ورک قومی سلامتی پالیسی کے تناظر میں پیوٹ کے وژن کی خاص طور پر تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ چین جیو سٹریٹجک سے جیو اکنامکس کی طرف پالیسی کی منتقلی کو سراہتا ہے۔ چین کی ہمسایہ پالیسی میں پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اس کا اظہار چینی قیادت نے متعدد مواقع پر کیا ہے۔ چین پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم اور ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد کے لئے تیار ہے۔ تقریب کا اختتام پیوٹ میگزین کی رسمی نمائش کے ساتھ ہوا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=317945

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں