انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کےزیر اہتمام کینسر سے متعلق دوسراریجنل ٹریننگ کورس پیر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

135
Director General IAEA
Director General IAEA

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے)کے زیر اہتمام اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (AECH) نوری اسلام آباد میں حکومت پاکستان کے تعاون سے دوسرا ریجنل ٹریننگ کورس (آرٹی سی )کل بروز پیر سے شروع ہوگا۔ اسلام آباد میں قائم نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوٹ (نوری ) جو کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زیراہتمام چلنے والا ایک فلیگ شپ کینسر کیئر ہسپتال ہے۔آئی اے ای اے کے نو رکن ممالک بشمول بنگلہ دیش، چین، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، منگولیا، میانمار، فلپائن اور ویتنام کے بین الاقوامی مندوبین اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی (NM&O)، ڈاکٹر احمد قریشی کورس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

کورس کے تکنیکی ماہرین میں ڈائریکٹر نوری، ڈاکٹر محمد فہیم، ہیڈ آنکولوجی اینڈ ریڈیالوجی، ڈاکٹر حمیرا محمود، کنسلٹنٹ کلینیکل آنکولوجسٹ شوکت خانم کینسر ہسپتال لاہور، ڈاکٹر عارف جمشید۔ کنسلٹنٹ آنکولوجسٹ این سی سی آئی کراچی، ڈاکٹر اظہر رشید؛آرآئی ایچ ایس ، پمز ہسپتال اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر کامران، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین۔آئی اے ای اے پروجیکٹ کے لیڈ کنٹری کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر ڈیپارٹمنٹ آف ریڈی ایشن میڈیسن، کوانٹم سائنس ٹیکنالوجی ہسپتال چیبا جاپان، ڈاکٹر مارارو واکاتسوکی اور کورس کوآرڈینیٹر نوری ، ڈاکٹر رافعہ طور شامل ہوں گی۔

اٹامک انرجی کینسر ہسپتال نوری ملک بھر میں پی اے ای سی کے زیر انتظام 20 اٹامک انرجی کینسر ہسپتالوں میں سے ایک ہے۔ ان تمام اٹامک انرجی کینسر ہسپتال میں، اس بیماری کی تشخیص کے ساتھ ساتھ علاج کے لیے جدید ترین مشینیں اور تکنیکس دستیاب ہیں اور یہ تمام اسپتال ملک کے 70 فیصد سے زیادہ کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرتے ہیں۔نوری ہسپتال نے حال ہی میں کامیابی کے ساتھ کئی سنگ میل عبور کیے ہیں اور پوری دنیا میں کینسر کے علاج کے زیادہ جدید طریقوں کو کامیابی سے اپنایا ہے۔

اٹامک انرجی کمیشن کا یہ انسٹیٹیوٹ پاکستان کا واحد پبلک سیکٹر کینسر کیئر ہسپتال ہے جس میں سائبر نائف اور ٹرو بیم لینئر ایکسلریٹر سمیت علاج کی جدید ترین سہولیات میسر ہیں اور یہ اسپتال بین الاقوامی معیار اور کوالیٹی کے مطابق جدید ترین علاج فراہم کر رہا ہے۔ ہسپتال کینسر کے اسٹیج کے قطع نظر ہر قسم کے کینسر کا علاج کررہا ہے اور مریضوں کی تکلیف کو کم کرنے کا انتظام کرتا ہے۔

آئی اے ای اے ریجنل ٹریننگ کورس میں ملک بھر سے اس شعبے سے منسلک ڈاکٹرز اور دیگر ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ اس کورس میں دماغی میٹاسٹیسیس اور بڑھے ہوئے سر اور گردن کے کینسر کے لیے پیلئیٹیو ریڈیو تھراپی کے مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا جس میں دنیا بھر میں مختلف طریقوں، ریڈیو تھراپی کے علاج کے پروٹوکول، مشینوں کی اقسام اور دستیاب سہولیات، استعمال شدہ کونٹورنگ اور منصوبہ بندی کی تکنیک، کیس ڈسکشن اور ماہرین کی رائے وغیرہ شامل ہیں۔

اس تعلیمی سرگرمی کے عملی پہلوؤں میں کونٹورنگ، علاج کی منصوبہ بندی، خوراک کی پیمائش اور کوالٹی ایشورنس پر تربیتی سیشن شامل ہیں۔یہ ریجنل ٹریننگ کورس چار روز تک جاری رہے گا۔