اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):انباکس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد وقاص نےکہا ہے کہ نیشنل فارمر ایسوسی ایشن اور انباکس پاکستان کے اشتراک سے’’ انٹرنیشنل لائیوسٹاک ، ڈیری ، پولٹری اینڈ ایگریکلچر ‘‘ ایکسپو کا انعقاد 11 جولائی کو ایکسپو سینٹر کراچی میں کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ ایکسپو کا انعقاد 11 سے 12 جولائی کو کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جائے گا جس میں زراعت ، ڈیری ، لائیو سٹاک اور پولٹری کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال اور صنعت کے شعبے میں جدت لانے کے لئے مقامی اور بین الاقوامی صنعت کار شرکت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں 50 سے زائد کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ، ایکسپو کا مقصد مقامی کاشتکاروں اور ڈیری اور لائیو سٹاک سے شعبے سے وابستہ افراد کی رہنمائی کرنا ہے جس سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں زراعت کے شعبے سے منسلک افراد کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال اور اس سے پیداوار میں اضافہ ، لائیو سٹاک شعبے کو بیماریوں سے آگاہی اور پولٹری کے شعبے سے منسلک افراد کو تربیت اور آگاہی فراہم کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل فارمر ایسوسی ایشن نے پاکستان بھر سے کسانوں کو مدعو کیا ہے تاکہ زراعت کے شعبے کو درپیش چیلنجز کو کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک اور سیکرٹری لائیو سٹاک کریں گے ، ایکسپو میں مقامی کمپنیوں اور عوام کی کثیر تعداد شرکت متوقع ہے ۔